نیویارک،10جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)میچ کے بعد پریس سے خطاب کے دوران انھوں نے امریکہ میں ہونے والے واقعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔گذشتہ روز انگلینڈ میں ساتویں بار خواتین کا ومبلڈن سنگلز ٹائٹل جیتنے والی امریکی ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز نے اپنے ملک میں افریقی امریکیوں کے قتل اور ڈیلس میں ہونے والے تشدد پر اظہار افسوس کیا ہے۔سنیچر کو ومبلڈن جیتنے کے بعد انھوں نے کہا: میں اپنے ہم رنگ کے لوگوں کی حفاظت کے بارے میں فکر مند ہوں۔ میرے بھتیجے ہیں، میں سوچتی ہوں کہ انھیں فون کروں اور کہوں کہ باہر مت جاؤ۔ ایسا نہ ہو کہ جب تم گاڑی میں بیٹھو تو وہ آخری بار ہو جب میں تمھیں دیکھ رہی ہوں۔انھوں نے کہا: یہ انتہائی تشویش ناک صورت حال ہے۔ وہ اچھے بچے ہیں۔ سیاہ فام نوجوانوں اور دیگر سیاہ فام لوگوں کو گولی مارنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔
سرینا نے کہا کہ ڈیلس کی فائرنگ المناک ہے۔ کسی کو بھی اس طرح اپنی زندگی نہیں گنوانی چاہیے، خواہ وہ کسی بھی رنگ و نسل کے کسی بھی خطے کے رہنے والے ہوں۔ ہم سب انسان ہیں، ہمیں یہ سیکھنا ہو گا۔ ہمیں ایک دوسرے سے محبت کرنی ہو گی۔ اس کے لیے تعلیم بہت اصلاح اور اس سمت بہت کام کیے جانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ تمام تر صورت حال بہت تکلیف دہ ہے اور جو کچھ ہو رہا ہے اسے دیکھنا بھی تکلیف دہ ہے۔خیال رہے کہ ڈیلس میں حکام کے مطابق پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے تھے۔سرینا ولیمز نے گذشتہ روز ومبلڈن مقابلوں میں ساتویں بار خواتین کے سنگلز میں کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ انھوں نے 22گرینڈ سلیم کا سٹیفی گراف کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔